کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام رنگ و نسل کے شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، لاہور میں ایک سیاسی جماعت تماشہ لگا کر بیٹھی ہوئی ہے، وہ یہ چاہتے ہیں کہ دنیا میں پاکستان کی بدنامی کی جائے۔یومِ پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں گورنر سندھ نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اور ہمیں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں ایک آزاد ریاست سے نوازا ہے، یہاں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے اداروں کا بھی خیال نہیں رکھا جا رہا جو اس ملک کی سالمیت دیکھ رہے ہیں، عمران خان کا ایجنڈا اس ملک کی فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو کمزور کرنا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ان شا اللہ ہم مل کر آگے بڑھیں گے، معیشت میں عدم استحکام ہے، ہمیں ملک کی چاروں اکائیوں کو مضبوط کرنا ہے، 75 سال ہو گئے ہیں ہم عقیدت کے ساتھ اس دن کو مناتے ہیں۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ وطن عزیز میں تمام رنگ و نسل کے شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، 75 برسوں کے تجربات کی روشنی میں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے یکجا ہو کر کام کرنا ہو گا، ہمیں بانیان پاکستان کے افکار کے مطابق اپنے تمام اختلافات بھلا کر ایک متحد قوم کی حیثیت سے انتھک محنت کرنا ہو گی۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں قومی مقاصد کے حصول کے لیے اتحاد، ہم آہنگی اور مکمل یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا، ہمیں یوم پاکستان کے موقع پر یہ ثابت کرنا ہو گا کہ ہم منظم، متحد اور مہذب قوم ہیں۔انہوں نے کہاکہ قائد اعظم کو اللہ جنت میں جگہ عطا کرے، قائد اعظم نے ہی ہمیں سوچ دی ہم آگے بڑھیں۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ قائدِ اعظم نے ہمیں سوچ دی کہ ہم پاکستان میں رہنے والوں کی خدمت کریں، قائد کے فرمان اور سوچ کو اپنالیں تو معیشت کو دوبارہ اوپر لے جا سکتے ہیں، ہم اس عزم کو لے کر نکلیں کہ ہمیں پاکستان کو مضبوط کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایکسپو سینٹر میں بچت ایکسپو کے نام سے بچت بازار لگا رہے ہیں، اگر بچت ایکسپو کامیاب ہوا تو اسے ہر دو مہینے بعد لگائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 75 سال گزرنے کے بعد آج اس عظم کو لے کر نکلے ہمیں پاکستان کو آگے لے کر چلنا ہے، ہم ضرور ترقی کریں گے۔