اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ کیا عمران خان کی جان کو خطرہ صرف عدالت کے احاطے میں ہے؟ایک بیان میں شیری رحمن نے کہا کہ کیا ریلیوں اور جلسوں میں عمران خان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پیشیوں اور فرد جرم سے بچنے کیے لیے سیکیورٹی کا حربہ استعمال کر رہے ہیں۔شیری رحمن نے کہاکہ عمران خان سیکیورٹی خدشات کے بہانے عدالت اور جوابدہی سے استثنیٰ مانگ رہے ہیں، ان کو حکومت پر قتل کے الزامات کے ثبوت دینے ہوں گے۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا بعد میں کہیں میرا بیان ’سیاسی‘ تھا، ان کی تمام سیاست دوسروں پر الزام تراشی اور کردار کشی میں گزری ہے۔انہوںنے کہاکہ قتل کے الزامات پر سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہم عمران خان کے الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔