کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ جمعرات کوایک بار پھر بارش ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعرات کوگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔کراچی میں ہونے والی بارش نے فضاﺅں کو مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو سے معطر کر دیا۔شہرِ قائد میں شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد آسمان پر قوس قزح کے مناظر دیکھنے میں آئے۔جمعرات کونارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، بفر زون، عزیز آباد، بلدیہ، سرجانی ٹاﺅن، کلفٹن، ڈیفنس، ایم اے جناح روڈ، صدر، جمشید کوارٹرز، سولجر بازار اور کھارادر سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔موسمیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق مغربی ہواﺅں کے سلسلے کے زیرِ اثر جمعرات کودن بھر وقفے وقفے سے بادلوں کی تشکیل ہوتی رہی ، بحیرہ عرب سے مزید بادل شہر کی جانب آ رہے ہیں، بادلوں کا پھیلاﺅ زیادہ ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سندھ میں آج سے بارش کا امکان کم ہو جائے گا۔