کراچی(نمائیندہ خصوصی) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے یوم پاکستان پر پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے ، برصغیر کے مسلمانوں نے غلامی اور جبر کے طوق سے آزاد ہونے کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ برصغیر کے مسلمان محض سات برس کے مختصر عرصہ میں آزاد وطن کا اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہے ، آج، ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے برطانوی ہندوستان کے مسلمانوں کو متحد کیا اور ایک آزاد اور خود مختار مسلم ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ اس دن کو مناتے ہوئے ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے دیئے گئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو مضبوط اور یکجا رکھنے کے لیے آئین ، ایٹمی پروگرام اور صوبوں کو خودمختاری دی ،ہمارا وژن پاکستان کو ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ ہماری عظیم قوم نے اتحاد اور لچک کے ذریعے ماضی کے بے پناہ چیلنجوں پر کامیابی سے قابو پایا ہے۔انہوں نے کہاکہ آئیے آج ہم پاکستان کو ایک ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں ، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اللہ تعالیٰ ہمیں ہر آزمائش کی گھڑی میں ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔