اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ ترکیہ میں فروری کے زلزلے سے ہونے والی تباہی کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی، اس تباہی پر ہمیں افسوس ہے،پاکستان کی حکومت اور عوام ترکیہ کے اپنے بہنوں اور بھائیوں کو اس کٹھن وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ڈاولینس کے چیئرمین فاتح کمال کی صدارت میں ترکیہ سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر محمت پاچاجی بھی موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ میں فروری کے زلزلے سے ہونے والی تباہی کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی،اس تباہی پر ہمیں گہرا دکھ اور افسوس ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اس زلزلے سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر ریسکیو ، ریلیف اور میڈیکل کی ٹیمیں ترکیہ روانہ کیں اور امدادی سامان بھیجنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکیہ کے اپنے بہنوں اور بھائیوں کو اس کٹھن وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا ترکیہ نے بھی پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے ۔وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ، صنعت ،توانائی، مواصلات اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ ڈاو¿لینس کے پاکستان میں قائم یونٹ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس انرجی ایفشینٹ مصنوعات تیار کی جا سکیں۔ ڈاولینس کے پاکستان میں پروڈکشن پلانٹ کو ریجنل ایکسپورٹ حب بنانے کے حوالے سے بھی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔ وفد نے بتایا کہ ڈاولینس نے کراچی کے بعد اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں بھی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کیا ہے جو اکڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان رابطہ ہو گا. اس سینٹر سے انجینئرز کو تکنیکی معاونت اور کیپیسٹی بلڈنگ میں مدد ملے گی۔ وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ Arcelik (جو کہ ترکیہ کی ایک ہاو¿س ہولڈ صنعت ہے ) ترکیہ میں موجود پاکستانی طلبا کو مسلسل دو سالوں سے انٹرن شپ فراہم کر رہی ہے جس سے نا صرف طلبا کو انڈسٹری کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد مل رہی ہے بلکہ کئی پاکستانی طلبا اس کمپنی میں ملازمت بھی اختیار کر چکے ہیں۔وزیراعظم نے ڈاو¿لینس کو درپیش تمام آپریشنل مسائل حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو اقدامات کرنے کی ہدایت دی. وزیراعظم نے وفد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین , وزیراعظم کے معاون خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔