اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان کسٹمز نے پاک افغان سرحد پر کارروائی کرتے ہوئی بڑی مقدار میں کھاد اور چینی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے پاک افغان سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے طور خم بارڈر پر کھاد اور چینی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق کھاد کی 140 اور چینی کی 120 بوریاں افغانستان اسمگل کی جارہی تھیں۔ایف بی آر کے مطابق ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،چینی اور کھاد کی بوریوں سمیت گاڑی کو ضبط کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چینی کی قیمت مستحکم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی ایکسپورٹ پر پابندی لگائی تھی اور اسمگلنگ کے خلاف بھی سخت اقدامات کا حکم دیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ ملکی طلب دیکھتے ہوئے چینی کی برآمد پر مکمل پابندی کا حکم دیا، ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔