اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )”ہمارا مضبوط اور پائیداراشتراک پاکستانی اور امریکی عوام کی زندگیوں میں بہتری لاتا رہے گا اور عالمی سطح پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ یو ایس پاکستان گرین الائنس اس کی ایک بہترین مثال ہے۔” ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے زیر اہتمام لیکچر "پاکستان امریکا تعلقات: دی وے فارورڈ” کے موضوع پر ایمبیسڈر لیکچر میں کیا۔
سفیر بلوم، جو کہ ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں، جنہوں نے اس سے قبل تیونس میں خدمات سرانجام دی تھیں، نے دونوں ممالک کے درمیان 75سالہ دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر دہائیوں پر محیط ترقیاتی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ملک بھر میں اسکولوں، ہسپتالوں اور شاہراہوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سکالرشپ پروگراموں کے ذریعے تعلیم کے لئے معاونت کی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ذاتی اور پیشہ ورانہ روابط کا ایک ایسا نیٹ ورک بنایا ہے جس نے پاک امریکہ تعلقات کی بنیاد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ سفیر بلوم نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے 2005 کے زلزلے اور 11-2010 سے لیکر حالیہ (2022) کے سیلاب سے آنے والی تباہی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔سفیر جلیل عباس جیلانی، مشیر برائے امور خارجہ کی طرف سے نظامت کے فرائض سر انجام دئیے گئے ۔ لیکچر کے بعد سفیر اور شرکاء کے درمیان سوال و جواب کا دور ہوا جس میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، ماہرین تعلیم اور سفارت کار شامل تھے۔ اپنے اختتامی کلمات میں صدر کیس ایئر مارشل (ریٹائرڈ) فرحت حسین خان نے مہمان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پاک امریکہ تعلقات کی مضبوط بنیادیں ان کے دو طرفہ تعلقات خاص طور پر جامع اقتصادی ترقی اور علاقائی امن کو مزید فروغ دیں گی۔