اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ پارلیمنٹ ہی واحد ادارہ ہے جہاں پر ملکی مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے ،پاکستان کو سیاسی دلدل سے نکالنے کے لیے سیاستدان میں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے،ہمیں سب باتوں کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے لیے سوچنے کی ضرورت ہے،وطن عزیز کی بقا کی خاطر سیاستدان کو اپنی ضد چھوڑنا پڑے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے نمائندوں نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ ہی واحد ادارہ ہے جہاں پر ملکی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہاہک ہمیشہ سے سنتے آرہے تھے کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان واقعی ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ صحافت کا شعبہ ہی رائے عامہ کو ہموار کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں سب باتوں کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے لیے سوچنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو سیاسی دلدل سے نکالنے کے لیے سیاستدان میں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو درپیش غیر یقین کی فضا کو ختم کرنے کے لیے سب کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بطور سپیکر میں سب سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہوں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ وطن عزیز کی بقا کی خاطر سیاستدان کو اپنی ضد چھوڑنا پڑے گی۔