کراچی(نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی پائیدار بنیادوں پر ترقی اور خوشحالی کے لئے فکری وسائل کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جدت کو فروغ دینے کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ صدر مملکت نے پیر کو نیشنل آئیڈیا بینک کے تحت سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختراعی نظریات کا فروغ، صحت اور تعلیم کے شعبوں پر توجہ، نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو بروقت اپنانا اور ان سے موافقت کے ساتھ ساتھ درست ترجیحات کا تعین اور دانشمندانہ سیاسی فیصلہ سازی قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اہم ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نئے خیالات اور تصورات نے انسانی ارتقا اور منازل طے کرنے میں اہم کردار ادا کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک کی پائیدار ترقی کے لیے فکری وسائل کی ترقی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے خواہاں ممالک ہمیشہ صحت اور تعلیم کو اپنی اولین ترجیحات میں رکھتے ہیں کیونکہ صحت کی دیکھ بھال کا مﺅثر نظام قوم کی جسمانی اور ذہنی تندرستی کو یقینی بناتا ہے اورجامع اور جدید تعلیمی نظام اس کی فکری ارتقاءکی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی دنیا بھر میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا شعبہ ہے جو فنانس، مینوفیکچرنگ، زراعت، تعلیم اور صحت جیسے بنیادی اہمیت کے دیگر تمام شعبوں میں پیش رفت کا اہم جز بن گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کے خیالات کی حوصلہ افزائی کے ذریعے آئی ٹی کی تیز ترین ترقی کے سفر میں شامل ہوسکتا ہے۔