اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج اور اس کے سربراہ کےخلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں ،وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں ۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے فوج اور اس کے سربراہ کےخلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں،بیرون ملک پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں افراتفری ، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ شہباز شریف نے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہو سکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔