اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) انسانی ہمدردی اور ڈیزاسٹر ریلیف کے بین الاقوامی مشن پر تعینات پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر شام میں امدادی مشن مکمل کرنے کے بعدترکیہ کی بندرگاہ مرسن پہنچ گیا۔ جہاز پر موجود تقریباً 200 ٹن امدادی سامان زلز لہ متاثرین میں تقسیم کے لیے ترک حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ امدادی سامان کی دوسری کھیپ 23 مارچ کو پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس معاون پر مرسن پہنچنے گی۔مرسن بندرگاہ آمد پر مرسن کے گورنر، ترک حکومتی نمائندوں، ترکیہ میں تعینات پاکستان کے سفیر اور ترک بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کااستقبال کیا۔پی این ایس نصر پر ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور پاکستانی عوام کی جانب سے تُرک حکام سے تعزیت کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ قبل ازیں، 13 تا 19 مارچ تک شام کی بندرگاہ لطاکیہ میں قیام کے دوران پی این ایس نصر نے خیموں، کمبل، گرم کپڑے، راشن، ادویات اور جنریٹرز پر مشتمل امدادی سامان کی بڑی کھیپ شامی حکام کے حوالے کی۔ مشن کمانڈر نے کمانڈرسیرین نیول فورسز اینڈ کوسٹل ڈیفنس میجر جنرل محسن عیسیٰ سے شامی نیول ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی جس میں بحری تعاون اور زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے جاری اقدامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔مشن کمانڈر اور جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے کراس شپ وزٹ، راشن کی تقسیم اور مقامی اسکول کے دورے پر مشتمل مختلف سماجی اور امدادی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔ پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیموں نے میڈیکل کیمپ کے قیام سے مقامی ڈسپنسری کو طبی امداد کی فراہمی میں معاونت کی۔مقامی سکولوں کے بچوں نے بھی پی این ایس نصر کا دورہ کیا اور افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ شامی حکومت اور عوام نے امدادی سامان کی فراہمی پر حکومت ِپاکستان کی کوششوں کو بے حد سراہا۔ پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا جاری امدادی اور ریلیف مشن حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق شام اور ترکیہ کی عوام کو ہر ممکن مدد کی فراہمی کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔