کراچی(نمائندہ خصوصی) پہلے چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2023 کی اختتامی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس چیمپین شپ میں آسٹریلیا، بحرین، مصر، ملائیشیا، عمان، سنگاپور، سری لنکا اور تھائی لینڈ کے بین الاقوامی کھلاڑیوں سمیت پاکستان کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ پانچ روزہ چیمپین شپ میں لیزر اسٹینڈرڈ، لیزر 4.7 اور ونڈ سرفنگ کیٹیگریز میں مقابلے ہوئے۔ ہر کیٹگری میں کل بارہ ریسز کا انعقاد کیا گیا۔حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے شرکائ کو سراہا اور مختلف کیٹیگریز میں جیتنے والوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر سیلنگ مقابلوں کا انعقاد جاری رکھے گی جس کا مقصد سیلنگ کو فروغ دینا اور ابھرتے ہوئے قومی کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے مختلف کیٹگریز کے فاتح اور رنراپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ لیزر اسٹینڈرڈ میں ملائیشیا کے خیر النظام محد افندی نے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ ملائیشیا کے اسری بن ازمان رنر اپ رہے۔ لیزر 4.7 کیٹیگری میں تھائی لینڈ کے نوپاسون خنبن جان نے پہلی اور سنگاپور کے عئزک گو نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ونڈ سرفنگ کیٹیگری میں پاکستان کے راجہ قاسم عباس نے پہلی پوزیشن اور ملائیشیا کے محمد ازدین نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب میں مسلح افواج، غیر ملکی سفارت کاروں اور سول تنظیموں کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔