کوئٹہ (نمائندہ خصوصی ) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اتوار کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا. ملاقات کے دوران خطے کی پل پل بدلتی معاشی و سیاسی تبدیلیوں، صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور سیاسی استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے گورنر بلوچستان کو گورنر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی. اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان نے کہا کہ حقیقی قیادت کی عظمت و وقار خدمت خلق اور ان کے مسقبل کو محفوظ بنانے کے باعث ہے. انہوں نے کہا کہ سماجی ارتقاء اور پائیدار ترقی کا راز عوامی سیاست ہی میں پنہاں ہے. سیاست ایک مسلسل، سنجیدہ اور لازمی عمل ہے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پشتون بلوچ شاندار اقدار و روایات کے آمین ہیں. اس ضمن میں اپنے سینئر اور تجربہ کار افراد سے رہنمائی حاصل کرنا بھی ہماری اہم معاشرتی قدر ہے کیونکہ ان کے علم اور تجربہ استفادہ کر کے ہی ہم کامیابی سے آگے بڑھ سکتے ہیں.