راولپنڈی( نمائندہ خصوصی ) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آوران میں کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 3 شر پسند مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لی گئیں، دہشتگرد تربت، آوران اور گردونواح میں کارروائیوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنانے کیلیے پرعزم ہے۔دو روز قبل سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے بوغرہ روڈ پر محکمہ انسداد دہشتگردی کے ساتھ مل کر آپریشن کیا تھا۔دہشتگرد فورسز کے آنے کا علم ہوتے ہی موقع سے فرار ہوگئے تھے تاہم فورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا تھا جن میں راکٹ، دیسی ساختہ بم اور دیگر سامان بھی شامل تھے۔