کراچی (اسٹاف رپورٹر) ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلشن اقبال میں خواتین کی جانب سے لگائے گئے شہر کے پہلے سستے سبزی بازار میں اتوار سے سستا پھل بھی ملنا شروع ہو گیا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے زبردست پذیرائی۔ بازار چلانے والی باہمت خاتون کرم اختر نے مہنگی چیزوں کے بائیکاٹ کی اپیل کر دی۔ چیئرپرسن سرائیکی ویمن ایسوسی ایشن نے بتایا کہ امریکہ کے ایک مخیر شخص نے ایک پھل کے لیے ابتدائی رقم بھیجی ہے جس کے ذریعے سبزیوں کی طرح پھل بھی بغیر منافع کے بالکل سستے فراہم کیے جائیں گے۔ پہلے روز دو اقسام کا خربوزہ موجود ہے۔ چیئرپرسن سرائیکی ویمن ایسوسی ایشن کرم اختر کا کہنا ہے کہ ارشد علی صابری پارک، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر لگائے گئے سستے سبزی بازار کو لوگ بہت سراہا رہے ہیں۔ کرم اختر نے بتایا کہ وہ ماہ رمضان میں مختلف اشیا کا پورا سستا بازار لگانا چاہتی ہیں جس کے لیے ان کے پاس کوئی جگہ اور وسائل نہیں ۔ انہیں اگر جگہ اور وسائل فراہم کر دئیے جائیں تو وہ ماہ رمضان کے دوران پورا بڑا سستا بازار لگانا چاہتی ہیں۔