اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نزیر تارڑ نے زمان پارک میں پولیس کارروائی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاقانونیت ہوگی تو قانون حرکت میں آئے گا،زمان پارک میں پولیس کارروائی کا ایک پس منظر ہے،انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جاری کردہ سرچ وارنٹس پر پولیس نے عمل کیا ۔ انہوںنے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ میں بھی یہ معاملہ گزشتہ روز آیا تھا ،ہائیکورٹ نے کہا تھا کہ ہم تفتیش نہیں روک سکتے ،جرم سنگین ہے، اس کی تفتیش ہونی ہے ،درجنوں پولیس والے زخمی ہوئے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وارنٹ کی تعمیل کے لئے جانے والوں پر پٹرول بم اور پتھر برسائے گئے، انہیں روکا گیا ،اسٹیٹ کے اندر سٹیٹ نہیں بننی چاہیے،قانون نے اپنا راستہ لیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قانون کے مطابق وارنٹ لے کر تلاشی لی گئی، برآمدگیاں اور گرفتاریاں ہوئیں ، وزیرقانو ںنے کہاکہ قانون اپنا راستہ نہیں لے گا تو پورے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیل جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف کہتے ہیں کہ الیکشن کے لئے ماحول سازگار بنائیں دوسری طرف انتشار پھیلا رہے ہیں ۔ وزیرقانون نے کہاکہ نگران حکومت نے امن و امان کے قیام کے لئے درست فیصلہ لیا ہے تو اس پر چیخنے کی ضرورت نہیں۔