اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا سوچ رہے ہوتے ہیں کہ انہیں ضمانت مل جاتی ہے۔ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ زمان پارک نو گو ایریا بنا ہوا تھا، نوگو ایریا کلیئرکروادیا گیا ہے، زمان پارک میں آپریشن مکمل ہوچکا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس جب نو گو ایریا کلیئر کرانے گئی تو غیر مسلح تھی، پولیس پرپتھراو ہوا، پولیس نے غیر مسلح ہو کر سارے علاقے کوکلیئرکیاہے جس حصے میں عمران خان کی اہلیہ ہیں پولیس وہاں داخل نہیں ہوئی، اتنے اشتعال کے بعد بھی پولیس نے یہ آپریشن بغیر اسلحے کے کیا، خیال رکھا کہ انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ تمام مقدمات میں عمران خان اور ان کی لیڈر شپ کو نامزد کیا جائےگا، جو لوگ گرفتار ہوئے ہیں، چالان میں ان کو شامل کیا جائےگا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان فتنہ ہے ، ملک میں فساد اور افرا تفری چاہتا ہے۔