لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک شخص ملکی مفادات سے کھیلتے ہوئے نہیں ڈر رہا اور نوجوانوں سے ریاست پر حملے کرواتا ہے، عمران خان آئین توڑنے اور ملک کے خلاف سازش کرنے سے نہیں ڈرتے۔ ماڈل ٹاون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ متعدد سماعتوں میں عمران خان عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، عمران خان ہر فورم پر اپنی بیماری کا رونا رو رہا ہے اور جان کو خطرے کا بہانہ بنا رہا ہے، چور، کرپٹ، جھوٹا اور دہشتگرد کھلے عام گھوم رہا ہے، ایک شخص ڈنڈے، کلاشنکوف، غلیلیں لیکر عدالت جاتا ہے، کیا انصاف جتھوں اور دھمکیوں سے ڈر گیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ عدالت جانے والا گاڑی پر ڈنڈے اور اسلحہ لہرا رہا ہے مگر ریلیف مل رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، لاڈلے اور غنڈے کو ریلیف کا بنڈل مل رہا ہے، کیا عمران خان قانون اور آئین سے بالاتر ہے؟، عمران خان کے جرائم سب کو معلوم ہیں، صدر، سپیکر اور ڈپٹی سپیکرسے آئین شکنی کرواتا ہے، ایک دہشتگرد کھلے عام گھوم رہا ہے، ترازو کے پلڑے برابر کیے جائیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان غیر ملکی میڈیا کو کہتے ہیں کہ میرے پاس حفاظتی ضمانت ہے، وہ جھوٹ بولتے ہیں، پھر کہتے ہیں کہ میری جان کو خطرہ ہے، میں معذور ہوں، بزرگ ہوں، بیمار ہوں جس کی وجہ سے میں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا،اگر ان کے پاس حفاظتی ضمانت تھی تو پھر وہ بیمار اور معذور کیوں ہیں، جب پولیس گرفتار کرنے آئی تھی تو اس کو حفاظتی ضمانت دکھا دیتے، اگر ضمانت موجود تھی تو پھر انڈر ٹیکنگ کیوں دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یہ نہیں ہوسکتا کہ توہین عدالت پر تو سزا ملے لیکن اسی عدالت کے احکامات کی تعمیل کے لیے جانے والی پولیس پر حملے کیے جائیں اور پھر حملہ آوروں کو ریلیف بھی مل جائے، پھر ریاست کی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔