کوئٹہ( کرائم رپورٹر )
ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے جوانوں کی جانب سے پاک-افغان بارڈر پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ منشیات کی ایک بڑی مقدار افغانستان کے علاقے سرے شاہ سے پاکستان کے سرحدی علاقے کجھیر کلی کی طرف اسمگلنگ کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جسے ایف سی بلوچستان کے جوانوں نے گھات لگا کر ناکام بنادیا۔ اسمگلنگ میں ملوث ملزمان منشیات کو چھوڑ کر افغانستان فرار ہوگئے۔ سرچ آپریشن کے ذریعے ساری چھوڑی گئی منشیات جسکی مقدار تقریباً 205 کلوگرام تھی کو برآمد کر لیا گیا اور ضروری کارروائی کے بعد محکمہ اینٹی نارکٹکس فورس کے حوالے کر دی گئی۔ ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے حکام کا کہنا تھا کہ ایف سی بلوچستان کی جانب سے منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔