اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) بحریہ یونیورسٹی (اسلام آباد کیمپس)کی 25ویں کانووکیشن تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو میڈلز اور میرٹ اسناد سے نوازا۔ تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں 14 گولڈ اور 14 چاندی کے تمغوں کے علاوہ 175 انڈر اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کو ڈگریاں دی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے تعلیمی سنگ ِمیل عبور کرنے پر طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔ امیر البحر نے گریجویٹس پر معاشرے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے اور مضبوط کردار اور زندگی کے بارے میں مثبت نقطہ نظر رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ نیول چیف نے طلباء کو ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دینے کی بھی تلقین کی۔ مہمان خصوصی نے کثیر جہتی تعلیم فراہم کرنے پر بحریہ یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہاجو اس کے فارغ التحصیل طلباء کی تعداد اور معیار سے ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کے اقدامات کو بھی سراہا۔ قبل ازیں،اپنے استقبالیہ خطاب میں ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل آصف خالق (ریٹائرڈ) نے بحریہ یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی پیش کی۔ انہوں نے بحریہ یونیورسٹی کے موجودہ تعلیمی ماڈل پر روشنی ڈالی جو طلباء کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرتا ہے جس سے انہیں پیشہ ورانہ، فکری اور پرسنل ڈویلپمنٹ کے لیے علم اور مہارت کے حصول میں مددملتی ہے۔تقریب میں نیول افسران، سول کمیونٹی کے معززین، بحریہ یونیورسٹی کے حکام اور گریجویٹ ہونے والے طلباء کے والدین نے شرکت کی۔