کراچی(نمائندہ خصوصی) ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی پاکستان کو بحران سے نکال سکتا ہے اور آئندہ آنیوالا وزیراعظم ہمارے مینڈیٹ کے بغیرنہیں بن سکتا۔کراچی میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنماں نے پریس کانفرنس کی جہاں سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کوبحران سے نہیں نکال سکتا اورکراچی پاکستان کو بحران سے نکال سکتا ہے کل نئے پاکستان کی تعمیر ہوگی اس شہر سے چھیڑچھاڑکرنے کا انجام پورے پاکستان کو بحران میں ڈالنا ہے۔انہوں نے کہا ایم کیوایم پاکستان کا جلسہ تاریخ رقم کرنے جارہا ہے سارے تجربے اب ناکام ہوگئے ہیں پیپلزپارٹی 15سال، پی ٹی آئی کی 4 سال حکومت رہی اور دونوں نے ایک دن بھی کام نہیں کیا جبکہ اس شہر کوایم کیوایم نے اپنے دورمیں بنایا ہے، آئندہ آنے والا وزیراعظم ہمارے مینڈیٹ کے بغیرنہیں بن سکتا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کواختیاردیں گے، تو بااختیار پاکستان بنے گا اس شہرکو اختیاردیں گے توخود کفیل بنے گا کیونکہ کراچی چل رہا ہے تو پاکستان پل رہا ہے، مشترکا جدوجہد کیلئے سب کو دعوت دے رہا ہوں کل سیاسی اعتبارسے مستقبل کا تعین کرنے والا اجتماع ہوگا۔