اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے عمران خان کی وارنٹ معطلی کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس اسلام آباد نے استفسار کیا کہ درخواست پرکچھ آفس اعتراضات تھے وہ دور ہوگئے؟عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ بائیومیٹرک اعتراض دور کردیا گیا ہے، یہ بھی اعتراض تھا کہ جومعاملہ پہلے طے ہوچکا وہ دوبارہ کیسے سنا جاسکتا ہے، عدالت نے معاملہ طے نہیں کیا،ٹرائل کورٹ کو بھجوایا تھا۔چیف جسٹس نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کو کہا تھا کہ وہ انڈرٹیکنگ کے معاملے کو دیکھے۔وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ٹرائل کورٹ انڈرٹیکنگ سے مطمئن نہیں ہوئی، عمران خان خود رضاکارانہ طور پر عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، انڈرٹیکنگ ناصرف موجود ہے بلکہ ہم نے ایک اوردرخواست بھی دی ہے، ہم نے انتظامیہ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا بھی کہا ہے۔خواجہ حارث نے کہا کہ انڈرٹیکنگ کیساتھ وہ اقدامات بھی کیے کہ پتہ چلے عمران خان پیش ہونا چاہتے ہیں۔چیف جسٹس اسلام آباد عامرفاروق نے کہا کہ قانون کے سامنے سب برابرہیں، اب آپ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں اور یقین دہانی کرارہے ہیں؟وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ عدالت وارنٹ معطل کردے تاکہ (آج) ہفتہ کو پیش ہوسکیں، عمران خان کی جانب سے عدالت پیش ہونے کی انڈرٹیکنگ اصل ہے۔