کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ صحافت کے بغیر معاشرے میں سدھار کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا کیونکہ میڈیا کا عوام کی نبض پر ہاتھ ہونے کے باعث اس کی جانب سے کہی اور لکھی جانے والی کوئی بھی بات رائے عامہ ہموار کرنے کا کام کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی تھنکرز ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینئر صحافی مختارعاقل کی سرپرستی میں سینئر صحافی صابر علی نے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اگر مختارعاقل ، الیاس شاکر مرحوم ۔ صابر علی جیسا ہو تو ان کی بات کی اہمیت اور دوچند ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختارعاقل جیسے صحافی کئی دہائیوں کے بعد پیدا ہوتے ہیں ، کیونکہ ان کی سوچ، فکر اور قوم کا درد ان کی تحریروں سے عیاں ہوتا ہے، مختار عاقل نے گذشتہ 40 سال سے زیادہ کے عرصہ میں صوبہ میں ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کا بغور مشاہدہ کیا ہے، مختارعاقل صوبہ کے سیاسی امور پر نمایاں دسترس رکھتے ہیں اور ان کے تجزئےے بے لاگ اور حقائق پر مبنی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی تھنکرز فورم کی جانب سے نمایاں افراد کو ایوارڈز دینے کا سلسلہ ایک اچھی کاوش ہے کیونکہ ان کی حوصلہ افزائی سے انہیں اپنے شعبوں میں مزید بہتر انداز میں کام کرنے کی ترغیب ملے گی۔ سینئر صحافی مختار عاقل نے کہا کہ پاکستان کو دردمند قیادت اور قوم کی بھلائی کا سوچنے والے سیاسی رہنماﺅں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کا مسئلہ مہنگائی ہے کیونکہ اس کے ذرائع آمدنی تو وہی ہیں لیکن مہنگائی 100 فی صد بڑھ چکی ہے ۔ صابر علی نے سٹی تھنکرز ایوارڈز کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور تقریب میں شرکت پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔