اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیراطلاعات مریم مریم اورنگزیبنے کہا ہے کہ عمران خان پر کرپشن کے مقدمات ہیں، چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کا انتخابات میں تاخیر سے کوئی تعلق نہیں۔برطانوی میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولیس صرف عدالتی احکامات پرعملدرآمدکررہی ہے مگر عمران خان تعاون کرنے کے بجائے مسلسل قانون شکنی کررہے ہیں،عمران خان مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ، ان کی گرفتاری سے حکومت کاکوئی تعلق نہیں، پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے آتی ہے تو خواتین اور بچوں کو ڈھال بنالیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران مقبولیت کو خانہ جنگی، تشدد، انارکی کو ہوا دینے کیلئے استعمال نہیں کرسکتے، عمران خان لوگوں کو تشدد کے لئے بھڑکارہے ہیں، عمران خان کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالت انہیں پیش ہونے کا کہتی ہے تو سیکیورٹی خطرات کا بہانابناتے ہیں، عمران خان ملک میں خانہ جنگی،سول وار اور افراتفری چاہتے ہیں، پولیس کے پاس کسی قسم کا کوئی اسلحہ نہیں مگر پولیس پرپٹرول بموں سے مسلسل حملے ہورہے ہیں۔وزیراطلاعات نے کہا کہ غیرمسلح پولیس عدالتی وارنٹ پرگرفتاری کیلئے زمان پارک میں موجودہے، عمران کہتے ہیں سکیورٹی خطرات ہیں،جلسے کرنے کیلئے تیارہیں، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سمیت65 پولیس اہلکار زخمی ہوچکے ہیں۔