اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا ہے کہ مردم شماری کی 30 اپریل کی ڈیڈ لائن پر کام مکمل کر لیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ڈیجیٹل خانہ شماری ہو رہی ہے جس سے اکنامک سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، تین دن پہلے لکی مروت اور ٹانک میں حملے ہوئے ،ملک کے باقی کسی حصے میں ٹیم پر کوئی حملہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا بنیادی اعتراض اعتماد کا فقدان تھا، ہم اپنی 30 اپریل کی ڈیڈ لائن پر کام مکمل کر لیں گے، مردم شماری جاری ہے، پورے پاکستان کو منصوبہ بندی کےلئے ایک لاکھ85 ہزار 509 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔چیف شماریات نے کہا کہ 31 مارچ کی ڈیڈ لائن رکھی گئی ہے، 2664 بلاکس میں لسٹنگ شروع نہیں ہو سکی، ایک لاکھ 83 ہزار 48 بلاکس میں لسٹنگ کرنا ہے جب کہ ایک لاکھ 67 ہزار 578 بلاکس میں لسٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ 2039 بلاکس حتمی ہیں جن پر لسٹنگ نہیں ہوئی، 1108 بے چراغ بلاکس ہیں، 201 بلاکس میں سکیورٹی کے ایشوز ہیں، فاٹا کے ایریا میں سکیورٹی ایشوز کی وجہ سے لسٹنگ نہیں ہوئی، کراچی کے 200 بلاکس میں لسٹنگ شروع نہیں ہوئی اور4 کروڑ اسٹرکچرز جیو فینسنگ ہو چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پورے پاکستان میں 3 کروڑ 93 لاکھ سے زائد گھروں کی جیو فینسنگ ہوچکی ہے، 12 مارچ سے افراد کی گنتی کا عمل شروع کردیا ہے جب کہ 79 لاکھ 79 ہزار سے گھروں کی مردم شماری ہو چکی ہے۔