اسلام آباد (کورٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 20 مارچ تک عمران خان کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔جمعرات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے خاتون جج کو دھمکی کے کیس میں وارنٹ منسوخی کی درخواست پر سماعت کی۔ پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی غیر موجودگی میں ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ نہیں ہوسکتے،غیر موجودگی میں ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کیے تو دیگر ملزمان کوبھی یہ فائدہ دیاجائےگا۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری عمل میں لانے کےلئے پولیس پہنچی تو ان پرپیٹرول بم پھینکا گیا، پولیس پرکارکنان نے تشدد کیا،عمران خان کی ضمانت بھی اس میں واپس لینی چاہیے۔عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے انہیں 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں 13 مارچ کو سول جج ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ رانامجاہد رحیم نے عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔14 مارچ کو ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردیے تھے۔جمعرات کو پھر عمران خان کے وکلاءنے وارنٹ منسوخ کرنے کی استدعا کی، عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دےدیا۔