کراچی ( نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت کراچی سمیت ملک بھر کے تاجروں اور صنعتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے، معاشی صورتحال یقیناً مشکلات سے دوچار ہے لیکن وزیراعظم میاں شہبازشریف اپنی کابینہ کے ساتھ ملکر معاشی حالات کو بہتر بنانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں اورملک کو معاشی طور پرمضبوط بنانے کیلئے قوم حکومت کا بھرپور ساتھ دے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر نوراحمدخان سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے ان سے لندن میں اپنے آفس میں ملاقات کی تھی
اس موقع پر سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈاربھی موجود تھے۔نوراحمدخان نے سابق وزیراعظم کو ملکی تجارت وصنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ اس وقت معاشی صورتحال یقیناً مشکلات سے دوچار ہے اورپیٹرول کی قیمت مزید بڑھنے سے مہنگائی بھی بڑھی ہے لیکن یہ مسائل تحریک انصاف حکومت کے پیدا کردہ ہیں جنہیں موجودہ حکومت حل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔