کراچی(نمائندہ خصوصی) پہلے چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2023 کا کراچی میں آغاز ہوا۔ صدر پاکستان سیلنگ فیڈریشن ریئر ایڈمرل محمد سلیم ایکویٹک کلب کراچی میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان میں منعقد ہونے والی یہ اپنی نوعیت کی پہلی سیلنگ چیمپین شپ ہے جس میں بے شمار غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ چیمپین شپ کا مقصد بحری کھیلوں کے فروغ کے ذریعے قومی و بین الاقوامی ملکوں کے سیلرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔ یہ مقابلے پاکستانی نوجوان ٹیلینٹ کے لیے بھی ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا تاکہ قومی ٹیم کی صلاحیتوں کو فروغ دے کر انھیں مستقبل کے عالمی مقابلوں جیسے کہ ایشین گیمز ،اولمپکس وغیرہ کے لیے تیار کیا جاسکے۔ یہ چیمپین شپ 15سے 19 مارچ تک جاری رہے گی جس میں لیزر سٹینڈرڈ ، لیزر 4.7 اور ونڈ سرفنگ کی کیٹیگریز میں مقابلے ہوں گے۔ چیمپین شپ میں آسٹریلیا ، بحرین، مصر، ملائیشیا، عمان، سنگاپور، سری لنکا اور تھائی لینڈ کے کھلاڑیوں سمیت پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے اور کراچی کے پانیوں میں مختلف کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کے ساتھ ساتھ سول حکام ، منتظمین، اسپانسرز، کھلاڑیوں اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔