کراچی(کامرس رپورٹر ) چیف ایگزیکٹو آفیسر و چیئر مین آل پاکستان ایکسپو اینڈ ایگزبیشن ایسوسی ایشن خورشید برلاس نے کہا ہے کہ کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری کے تعاون سے 25 مئی کو کوئٹہ میں انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو کا انعقاد کیا جائے گا۔کوئٹہ چیمبر آف اسمال انڈسٹری کے صدر ولی محمد نورزئی سے ملاقات میں خورشیدبرلاس نے کہا کہ ہمارا ادارہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں تجارتی نمائشوں کا انعقاد کررہا ہے اوتر ہم چاہتے ہیں کووڈ کے خاتمے کے بعد دنیا کے کھل جانے کا فائدہ پاکستانی بزنس مین اٹھائیں۔کوئٹہ کے دورے میں فہد برلاس بھی موجود تھے ۔خورشید برلاس نے کوئٹہ کے دورے میں چیف سیکرٹری بلوچستان، اسٹیشن کمانڈر کوئٹہ کینٹ، کمشنر کوئٹہ، وفاقی و صوبائی بورڈ آف انوسٹمنٹ ، پاک ایران مشترکہ چیمبر کے صدرحمداللہ خان ترین سے بھی ملاقات کی۔کوئٹہ چیمبر آف اسمال انڈسٹری کے صدر ولی محمد نورزئی نے کہا کہ چیمبر کے تمام ممبران کے ہمراہ اس ایکسپو کے انعقاد کو کامیاب کریں گے، میری پوری کابینہ اس ایکسپو میں ہمہ وقت موجود ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایکسپوکے انعقاد سے کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ہوگااور بیرونی دنیا میں بلوچستان کی مثبت شبہہ دکھائی دے گی،ہم اعلیٰ حکام کے ہم مشکور ہیں کہ انھوں نے ایکسپو کے انعقاد کیلئے این او سی جاری کیا۔ پاک ایران مشترکہ چیمبر کے صدر حمداللہ خان ترین نے کہا کہ ایکسپو کے انعقاد سے بلوچستان اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ ساتھ لوکل سطح کے پراپرٹی ٹائیکون بہت فوائد حاصل کریں گے،اپنی پروڈکٹ کی رونمائی کیلئے انھیں اس سے بہتر پلیٹ فارم میسر نہیں ہوسکے گا۔