اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ روز سے جاری واقعات کو انتقامی سیاست قرار دے دیا۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کئی گھنٹوں سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔عمران خان کی گرفتاری کیلئے زمان پارک کے باہر موجود پولیس نے پیش قدمی کی تو پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے پتھراؤ کیا، غلیلیں چلائیں، ڈنڈے برسائے ، مارو مارو کے نعرے لگائے۔پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری سمیت 14 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس نے بھی جوابی ایکشن لیا اور کارکنوں پر لاٹھی چارج ، پانی کی توپ سے دھلائی اور شیلنگ کی، کچھ شیل عمران خان کے گھر کے اندر بھی گرے۔
تحریک انصاف کے کارکنوں نے پیٹرول بم پھینک کر پولیس کی واٹر کینن کو آگ لگا دیا، اسلام آباد پولیس کی ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کو گرفتار کرکے ہی واپس جائے گی۔گزشتہ روز سے جاری صورتحال کے حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ عوام کی معاشی بدحالی پر توجہ دینے کے بجائے یہ حکومت کی ناقص ترجیحات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں باقی تمام سیاست دانوں کی طرح عمران خان کی حفاظت اور وقار کے بارے میں فکرمند ہیں ۔