کراچی(نمائندہ خصوصی)
پاکستان مُسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو معاشی، سیاسی اور آئینی بحران سے صاف شفاف اور غیر جانب دار عام انتخابات کے نتیجے میں بنائی ہوئی عوامی حکومت ہی نکال سکتی ہے۔ انہوں نے 2018 کے الیکشن کو دھاندلی زدہ فراڈ قرار دیا جس نے وطن پاک کو ایک خطرناک دلدل میں لاکھڑا کیا ہے- فنکشنل لیگ کے رہنما نے خصوسی طور پر سندھ پر مسلط زرداری لیگ کی حکومت کو عوام دُشمن اور کرپشن مافیا قرار دیتے ہوئے کہا کے جو لوگ سیلاب زدگان کے حق پر ڈاکا ڈالیں ان سے کسی خیر کی امید رکھنا بیوقوفی ہوگی۔ سردار رحیم نے کہا کہ جعلی مین ڈیٹ والی سندھ حکومت نے حالیہ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں- سردار عبدالرحیم نے کہا ادارے پاکستان کو بچانے کی خاطر حکومت کو جلد نئے عام انتخابات کروانے پر مجبور کریں۔انہوں نے کہا کہ 19 مارچ کے دن سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی مہنگائی مارچ کے شُرکاء کے کراچی پریس کلب پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا جائے گا