کراچی(نمائندہ خصوصی ) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بنیادی سہولیات کی دستیابی ہر شہری کا بنیادی حق ہے جس سے اسے محروم نہیں رکھا جاسکتااوریہ ایک حقیقت ہے کہ اقتصادی ، معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا دارومدار بجلی پر ہے اس ضمن میں بجلی کی ترسیل کار کا نظام آج بھی سوالیہ نشان ہے اس پر تاحال توجہ نہیں دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پالیسی ڈائیلاگ کے عنوان سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینا ر میںٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو زبیر موتی والا، کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مونس عبداللہ علوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اس وقت شہر میں اعلانیہ ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ،اکثر شہری زائد بلنگ کی شکایات کرتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج شہر میں بنیادی سہولیات پانی ، انفرااسٹرکچر اور بجلی و گیس دستیاب نہیںصرف کانفرنس اور سیمینار کرنے سے معاشی مسائل حل نہیں ہو سکتے اس ضمن میں ملکی مسائل کے حل کے لئے حکومت اور کاروباری برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل کا حل عملی اقدامات سے نکالنا ہوگااور ملکی ترقی کے لئے ذمہ دار شہری کی حیثیت سے سب کو ٹیکس ادا کرنا ہوگا ۔