لاہور( نمائندہ خصوصی ) صوبائی دارالحکومت لاہورمیں تحریک انصاف کی ریلی کے روٹ میں آنے والے تمام تعلیمی اداروں میں مقررہ وقت سے پہلے چھٹی دیدی گئی جبکہ تاجروںنے بھی کسی نا خوشگوار واقعہ سے بچنے کےلئے اپنے کاروبار بند رکھے ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر ریلی کے آغاز سے قبل ہی مختلف شاہراہوں پر کنٹینرز کھڑے کر دئیے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم ہو گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پیر کے روز زمان پارک سے داتا دربار تک انتخابی ریلی نکالنے کے اعلان کے پیش نظر سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں مقررہ وقت سے پہلے ہی چھٹی دیدی گئی جبکہ ریلی کے روٹ پر آنے والی مارکیٹیں بھی بند رہیں ، ریلی کے روٹ پر کئی تاجروں نے دوپہر تک کاروبار کیا تاہم ظہر کے بعد کاروبار کو بند کر کے گھروں کو روانہ ہو گئے ۔ ریلی کے روٹ سے ملحقہ مارکیٹوں میں بھی کئی تاجروں نے ہنگامہ آرائی کے خوف کی وجہ سے اپنے کاروبار کوبند رکھا ۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پی ٹی آئی کی ریلی کے روٹ پر صبح سے ہی کنٹینرز کھڑے کرنا شروع کر دئیے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں ،شہری اپنی اپنی منزل پر پہنچنے کے لئے متبادل راستے تلاش کرتے ہوئے نظر آئے ۔ اس موقع پر شہری تحریک انصاف اور انتظامیہ کو بھی کوستے رہے ۔