کراچی(نمائندہ خصوصی)مشیر قانون و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے سندھ حکومت کی جانب سے تاجر برادری کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔تفصیلات کے مطابق مشیر قانون و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کی سربراہی میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں امن و امان خصوصا تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور ہوا۔اجلاس میں موبائل شاپ مالکان نے گزشتہ دنوں ہونے والی وارداتوں کے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر مرتضی وہاب نے سندھ حکومت کی طرف سے تاجر برادری کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے اس موقع پر کہا کہ بزنس کمیونٹی کو تحفظ و اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا۔مرتضی وہاب نے پولیس حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع جنوبی میں بڑھتی ہوئی وارداتوں سے عوام خصوصا تاجر برادری کے عدم تحفظ کے احساس کو دور کیا جائے، جرائم پیشہ افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔