لاہور( نمائندہ خصوصی)اینٹی کرپشن حکام نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے گھر سے ایک کروڑ روپے کی رقم برآمد کر لی۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی دوران ریمانڈ نشاندہی پر ان کے گھر سے ایک کروڑ روپے برآمد کئے، اینٹی کرپشن ٹیم نے محمد خان بھٹی کے گھر جی او آر ون سے رقم قبضے میں لے لی ہے۔اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق رقم محمد خان بھٹی کے گھر کے مختلف درازوں اور الماریوں میں چھپائی گئی تھی، یہ رقم مختلف منصوبوں کے ٹھیکوں کی مد میں بطور کمیشن وصول کی گئی تھی، اس رقم میں افسران کے تبادلوں کے عوض وصول کی گئی رقم بھی شامل ہے۔پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے خلاف اینٹی کرپشن لاہور ریجن میں 03/22 مقدمہ درج ہے، محمد خان بھٹی کے خلاف تقرر و تبادلوں میں رشوت اور ترقیاتی منصوبوں میں بھاری کمیشن وصول کرنے کا الزام ہے۔