کراچی( کرائم رپورٹر) سعود آباد کے علاقے لیاقت مارکیٹ میں نامعلوم افراد سنار کی دکان کی دیوار توڑ کر ڈھائی کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات، چاندی اور دیگر سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دکاندار مالک کے بھتیجے حمزہ نے بتایا مذکورہ دکان میں سونا اور چاندی ریفائن ہوتا ہے، 9 مارچ کو چچا رحمت اللہ دکان بند کرکے گھر چلے گئے اور 10 مارچ بروز جمعہ کو مارکیٹ بند ہوتی ہے، جب وہ ہفتے کی صبح جب دکان کھولی تو دیوار ٹوٹی ہوئی تھی جس کے بعد نقب زنی کا علم ہوا۔حمزہ نے بتایا کہ ملزمان چچا کی برابر والی دکان کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور اطمینان سے دیوار توڑی اور سب کچھ چوری کرکے فرار ہوگئے، جس دکان کے تالے توڑے کر ملزمان اندر داخل ہوئے مذکورہ دکان ریموٹ کنٹرول اور دیگر سامان کی ہے۔ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی نے بتایا کہ جس دکان پر نقب زنی ہوئی اس پوری گلی میں سی سی کیمرے نہیں ہیں جس کی وجہ سے پولیس کو ملزمان کاسراغ لگانے میں دشواری کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے دکان سے ملزمان کے فنگر پرینٹس حاصل کیے ہیں جس کی مدد سے ملزمان تک پہنچے میں آسانی ہوگی، ملزمان نے پوری ریکی اور منصوبہ بندی کے تحت ریموٹ کنٹرول کی دکان سے سونے کے کارخانے میں داخل ہوئے تھے۔ایس ایس پی کے مطابق واردات میں 3 سے زائد ملزمان کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، واقعے کا مقدمہ درج کرکے ہر پہلو سے تفتیش شروع کردی گئی۔