کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین سی این جی اینڈ پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ملک خدابخش نے دعوی کیا ہے کہ عوام کو بڑی خوشخبری ملنے والی ہے، پٹرول سستا ہو جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں اوپیک کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں آئل کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ ہو جائے گا۔ اس سے پٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں دنیا بھر میں کمی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ہمارے ملک کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا میں ڈیمانڈ کم ہونے کی وجہ سے اوپیک کی جانب سے سپلائی کم کی گئی تھی جس کے بعد سے مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی ڈیمانڈ بڑھنے سے قمیتوں میں اضافہ ہوا۔ ملک خدابخش نے کہا کہ روس اور یوکرین کی لڑائی نے قیمتوں پر کوئی زیادہ اثر نہیں ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں مین پہلے ہی 60 روپے سے زائد اضافہ کر چکی ہے، ابھی حکومت پٹرول ڈیزل مزید مہنگا کرنے کا سوچ رہی ہے، اس وقت بھی پٹرول پر 9.21 روپے اور ڈیزل 23.71 روپے پر سبسڈی موجود ہے، یہ سبسڈی بھی ختم کریں گے تو پٹرول مہنگا کرنا پڑے گا لیکن اب یہ اوپیک اجلاس کی خوشخبری آگئی ہے جس کے بعد سپلائی بڑھے گی اور پٹرول سستا ہو جائے گا۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ اس سے حکومت، ہمارے ملک کی معیشت اور عوام کو فائدہ ہو گا