کراچی( نمائندہ خصوصی )صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ میں پولیو مہم بہت اچھے طریقے سے جاری ہے اور گزشتہ 2 سال 9 ماہ میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔انہوں نے یہ بات سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ پولیو کے خاتمے سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کے اہم اجلاس میں کہی۔ جس کی مشترکہ صدارت چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کی۔ اجلاس میں کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سیکریٹری صحت ذوالفقار شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری، کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر فیاض عباسی، سی او پی پی ایچ آئی جاوید علی اور روٹری انٹرنیشنل کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ صوبے میں پیر سے پولیو مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور 5 سال تک کے بچوں کو قطرے پلائیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پہلے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو راضی کرنے کے لیے سوشل موبلائزز کے کردار کو مزید موثر بنایا جائے۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پولیو مہم کو بھرپور طریقے سے شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے لیے مقرر کردہ اہداف کو 100 فیصد حاصل کیا جائے اور پولیو مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہونے کہا کہ پولیو فری پاکستان کی طرف آخری میل بہت چیلنجنگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے صوبوں سے لوگ سندھ کی طرف ہجرت کر رہے ہیں جس کے لیے صوبے کے انٹری پوائنٹس پر موثر پولیو مہم چلائی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس، ریلوے پولیس اور رینجرز کے تعاون سے بس سٹینڈز اور ریلوے سٹیشنوں پر پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ کراچی ٹول پلازہ، حیدرآباد ٹول پلازہ، سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی اور کشمور اور صوبے کے دیگر سرحدی اضلاع کے بس اسٹینڈز پر پولیو کے قطرے موثر طریقے سے پلائے جائیں گے اور اس کے لیے محکمہ صحت پولیو ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کرے گا۔
چیف سیکریٹری سندھ نے سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ وہ پرائیویٹ اسکولوں کو پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کریں۔صوبائی کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر فیاض عباسی نے اجلاس کو بتایا کہ 13 مارچ سے 19 مارچ تک صوبے کے 16 اضلاع میں 41883 فرنٹ لائن ورکرز 56 لاکھ بچوں تک پہنچیں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے مہم کے لیے سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور نیشنل ایمرجنسی اینڈ آپریشن سینٹر کے حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور سندھ حکومت کو انسداد پولیو مہم کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔