اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں ،پاکستان دہشتگردی کا مقابلہ کرنا جانتا ہے، پہلے بھی دہشتگردوں کو شکست دی ،آئندہ بھی دیں گے ۔آزاد کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہوگا۔جمعرات کو دفتر خارجہ میں میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر کی دعوت پر قطر کا اہم دورہ کیا،قطر کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی نقطہءنظر رکھا،وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر سے ملاقات کی، تجارت، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امریکہ کے اہم دورے پر ہیںوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر مظالم پر بات کی ،وزیر خارجہ بلاول نے اسلام میں خواتین کے حقوق، کردار پر کانفرس سے خطاب بھی کیاامریکہ اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشتگردی پر اہم مشاورت ہوئی پاکستان اور امریکہ کے مابین 2016ء کے بعد انسداد دہشتگردی پر مذاکرات ہوئے جبکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہشتگردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بحرین اور برطانیہ کے اہم دورے کریں گی حنا ربانی کھر 10 مارچ کو بحرین میں مناما کانفرس میں جبکہ کامن ویلتھ فارن منسٹرز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گی۔وزیر خارجہ کا دورہ افغانستان نہ کرنے کے ایک سوال پر ترجما ن کا کہنا تھا کہ وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر پہلے ہی افغانستان کا دورہ کر چکی ہیں،وزیر دفاع خواجہ آصف بھی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ افغانستان کا دورہ کرچکے ہیں جبکہ مناسب وقت پر وزیر خارجہ بھی افغانستان کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی صادق خان کے بعد افغان امور کون دیکھ رہا ہے کے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ میں باقاعدہ طور پر افغان امور کے لیے خصوصی ڈیسک کام کررہا ہے،وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری احسن شاہ افغان امور سر انجام دے رہے ہیں،وزیر خارجہ کی شنگھائی تعاون تنظیم کے بھارت میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا،وزیر خارجہ بھارت کا دورہ کریں گے یا نہیں، فیصلہ ہوتے ہی آگاہ کردیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی سمیت ہر فورم پر حمایت کرتا ہے اور کرتا رہے گا، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیری خواتین پر ظلم و ستم جاری رکھے ہوئے ہے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 20 سالوں میں 682 خواتین کو قتل، 11 ہزار کی عصمت دری کی گئی۔ ترجمان سے سوال کیا گیا کہ بھارتی رہنما نے کہا آزاد کشمیر بھارت کا حصہ، جلد یہ عملاً اکھنڈ بھارت بن جائےگا جس پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہوگا،بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج کے ذریعے ظلم کررہا ہے کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے بھارتی رہنما اپنے سیاسی عزائم کے لیے بین الاقوامی تنازعات پر گفتگو سے پرہیز کریں،پاکستان دہشتگردی کا شکار رہا ہے ،پاکستان میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں،بھارتی بحریہ کا حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن یادیو دہشتگرد کارروائی پر پاکستان میں زیر حراست ہے،پاکستان دہشتگردی کا مقابلہ کرنا جانتا ہے، پہلے بھی دہشتگردوں کو شکست دی، اب بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھارت کے ہمسایہ ممالک میں دہشتگردی کروانے کا معاملہ سنجیدگی سے دیکھنا چاہیے،بھارت پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان میں دہشتگردی کی بڑی وجہ ہے،بھارت، پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مالی مدد کی ہے ،چین اور مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سے بات چیت جاری ہے، پاکستان ایشیا بحرالکاہل میں ابھرتی گروہ بندی دیکھ رہا ہے ،پاکستان کسی ملک کے خلاف بننے والی ممالک کی گروہ بندی کے خلاف ہے، پاکستان کئی دہائیوں سے افغان بہن بھائیوں کو خوش آمدید کہہ رہا ہے پاکستان کئی نسلوں سے افغان بہن بھائیوں کی میزبانی کررہا ہے ،پاکستان میں قانون و ضوابط کے مطابق تمام غیر ملکیوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جاتا ہے،پاکستان میں قانونی طور پر داخل ہونے والے افغان شہریوں کو کوئی رکاوٹ نہیں غیرقانونی طور پر داخلے پر افغان شہریوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔