اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سربراہ پاک بحریہ، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے آج پاک فضائیہ کے ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ، فیصل کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر صدر ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ، ایئر وائس مارشل حسین احمد صدیقی نے ان کا استقبال کیا۔ مہمان خصوصی نے ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کو اعلیٰ صلاحیت کے حامل ادارے کے شایان شان معیارِ تعلیم کے حصول پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور مستقبل کی عسکری قیادت کو فضائی جنگ کے حوالے سے جدید دور کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے مادر وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ موجودہ دور میں حصول علم کے تقاضے تیزی سے بدل رہے ہیں اور جدید تعلیم کے حصول کا واحد طریقہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق ہائی ٹیک صلاحیتوں کے حصول پر مبنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کی عسکری قیادت پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آنے والے ہائبرڈ خطرات اور مستقبل کی عسکری تبدیلیوں کے مطابق عالمی تزویراتی ماحول اور ابھرتی ہوئی علاقائی تبدیلیوں سے نبردآزما ہونے کے لیئے خود کو تیار رکھیں۔ سربراہ پاک بحریہ نے مزید کہا کہ ہمیں نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے جدید رجحانات سے باخبر رہنے کے ساتھ ساتھ ہائبرڈ تنازعات، کورژن اور سائبر جنگ سے نمٹنے کے لیے خود کو تیار رکھنا ہے۔
انہوں نے موجودہ دور کی تیزی سے بدلتی ہوئی عسکری صورتحال میں عسکری مقاصد کے حصول کے لیے مسلح افواج کے مابین مکمل ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔پاک فضائیہ کا ائیر وار کالج انسٹی ٹیوٹ ایک باوقار ادارہ ہے، جہاں پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک کے متوسط سنیارٹی کے افسران کو کمانڈ اینڈ اسٹاف کی اہم تقرریوں کے لیے تربیت دی جاتی ہے۔ کورس کے شرکاء کو ایک سو سے زائد مضامین کے ماہرین ہدایات فراہم کرتے ہیں جن میں سول و عسکری پروفیشنلز، ڈپلومیٹس، اسکالرز، ماہرِین تعلیم، وکلاء، صنعت کار، سائنسدان، ماہر اقتصادیات اور میڈیا اہلکار شامل ہیں۔ کورس کو وسعت اور علمی تدبر فراہم کرنے کے لیے غیر ملکی اساتذہ اور تزویراتی ماہرین کے ساتھ خصوصی بات چیت کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔