راولپنڈی(نمائندہ خصوصی ) پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر کو بلوچستان کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے، عوام اور مسلح افواج کا امن و استحکام کیلئے عزم غیرمتزلزل ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گوادر کا دورہ کیا ، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، سی پیک کی سیکیورٹی اور منصوبوں کیلئے پرامن اور محفوظ ماحول یقینی بنانے کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں کی اس سلسلے میں کوششوں کو سراہا اور بلوچستان کے عوام کی فلاح اور بھلائی کے لئے پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے پر زور دیا، آرمی چیف نے مقامی عمائدین، منتخب نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے زور دیا کہ "مٹھی بھر گمراہ عناصر کو بلوچستان کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے، یہ گمراہ عناصر عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، عوام اور مسلح افواج امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں” آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی پر زور دیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تعلیم، سولر سسٹم کی تنصیب، ماہی گیری، پانی، صحت، کھیل اور معاش سے متعلق فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا، آرمی چیف کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو اور کور کمانڈر کوئٹہ موجود تھے۔