کراچی( نمائندہ خصوصی)
تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے گورنر اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ قیام پاکستان سے اب تک قرضے معاف کرانے والوں کی فہرست میڈیا کو جاری کی جائے تاکہ عام آدمی کو علم ہوسکے کہ میرے پیارے وطن کو کس کس طرح سے کس کس نے لوٹ کھایا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ سے کرپشن پر سزائے موت کا قانون منظور کیا جائے اور بینکوں کے قرضے معاف کرنے کا قانون فوری ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ مخلصی تو یہی ہے کہ کرپشن کرنے والوں کو سزائے موت دی جائے اور قرض معافی کا کوئی راستہ نہ چھوڑا جائے کیونکہ یہاں پر لوگوں نے کئی طریقوں سے اس ملک کو لوٹا ہے لیکن اب یہ سلسلہ ہر صورت بند ہونا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو بھی ساڑھے تین سال حکومت ملی لیکن انہوں نے بھی نہ تو کرپشن پر سزائے موت کا قانون بنایا اور نہ ہی قرضے معافی کے قانون کو ختم کرکے قرضے معاف کرانے والوں کی فہرستیں میڈیا کو جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پاکستان میں اقتدار میں رہنے والے سب اس معاملے میں مجرم ہیں جنہوں نے کرپشن اور قرضے معافی کو سنجیدہ ہی نہیں لیا اور اس بارے میں نہ ہی عملی قانون سازی اور اقدامات کئے گئے۔