ملتان( نمائندہ خصوصی)سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے ان الیکشن میں پوری منصوبہ بندی بنا رکھی ہے،ن لیگی امیدوار ہی ڈی سیٹ ہوئے تبھی الیکشن ہو رہے ہیں اور امید ہے الیکشن کمیشن اس پورے ماحول کو آلودہ نہیں کرے گا، ن لیگی امیدوار کے کاغذات خاموشی سے منظور کر لیے گئے، ہمیں موقع نہیں دیا گیا ، وزیر خزانہ خود کہتا ہے ملک ڈیفالٹ کے قریب ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زین قریشی کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں اور ن لیگی امیدوار کے کاغذات خاموشی سے منظور کر لیے گئے۔ ہمیں موقع نہیں دیا گیا کہ ہم اپنے اعتراضات کو لیول کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے اعتراضات جمع کروا دیئے تھے اور ہم نے کہا ہمارے اعتراضات کو ریکارڈ کر لیں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے امیدوار کو نااہل قرار دیا تھا اور ن لیگ کے امیدوار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، ہمارا اعتراض تھا
ن لیگی امیدوار کے پاس 2 شناختی کارڈ ہیں اور ن لیگی امیدوار تیسری بار ڈی سیٹ ہوئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگی امیدوار ہی ڈی سیٹ ہوئے تبھی الیکشن ہو رہے ہیں اور امید ہے الیکشن کمیشن اس پورے ماحول کو آلودہ نہیں کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ میں نے مانیٹرنگ انچارج کو ویڈیو کلپس دیئے ہیں جس میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے فنڈز کی بات کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تصادم کی سیاست نہیں کی ہم شریف لوگ ہیں اور کسی علاقے کا حق نہیں مارنا چاہتے۔ سرکاری وسائل کے استعمال کی بات کر رہے ہیں حکومت نے ان الیکشن میں پوری منصوبہ بندی بنا رکھی ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی اپنے آپ کو پیش کرتی ہے اور حکومت نے اپنی مرضی سے نیب کا قانون تبدیل کر دیا ہے۔بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ نے عوام کی کمر کو توڑ دیا ہے اور حکومت میں مختلف خیال لوگوں کو اکٹھا کیا گیا ہے، وزیر خزانہ خود کہتا ہے ملک ڈیفالٹ کے قریب ہے۔