لاہور(نمائندہ خصوصی) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جوہر ٹاؤن دھماکے میں ملوث تین مجرمان کو موت کی سزا سنا دی۔محکمہ انسداد دہشتگردی انویسٹی گیشن ونگ کے حکام کے مطابق جوہر ٹاؤن دھماکے میں ملوث تین مجرمان کو سزائے موت دلوا دی، عدالت نے ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا۔حکام کا بتانا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر سماعت ویڈیو لنک کے ذریعے کی گئی، مجرمان میں سمیع الحق، عزیز اکبر اور نوید اختر شامل ہیں جبکہ مقدمے میں 4 ملزمان کو پہلے ہی 9،9 بار سزائے موت سنائی جا چکی ہے، ان پر قید بامشقت سمیت بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ مستعدی سے محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 2021ء کو حافظ سعید کے گھر کے قریب زوردار دھماکا ہوا تھا جس میں پولیس اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے تھے۔