کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ پر 48 گھنٹوں میں کام کی رفتار کو فل فلو میں لانے کی ہدایت کردی دی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دو روز کے بعد میں وہ خود سائٹ کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کریں گے ، یہ بات انہوں نے بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو صورتحال کا مکمل ادراک ہے، مہنگائی کی وجہ سے پروجیکٹ کی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے ، سندھ حکومت اور ٹرانس کراچی پروجیکٹ کے کانٹریکٹرز کے مسائل حل کریں گے انہیں ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ٹرانسپورٹ اسپیشلسٹ لائیڈ رائٹ سے بھی ویڈیو لنک پر رابطہ کیا ، پروجیکٹ سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور پروجیکٹ میں آئندہ کسی بھی صورت میں تاخیر کو روکنے کے لیے ایس او پیز بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن اہم پروجیکٹ ہے ، جوکہ پاکستان کا پہلا بایو گیس پروجیکٹ ہے ، انہوں نے سی ای او ٹرانس کراچی کو ہدایت دی کہ روزانہ اجلاس کر کر کے پروجیکٹ پر کام کا جائزہ لیا جائے اور انہیں پروجیکٹ کی پیش رفت پر ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایک ایک دن اہم ہے ، سبزی منڈی ، بیت المکرم ، سوک سینٹر اور دیگر جگہوں پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ سی ای او ٹرانس کراچی عبد الحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ زبیر چنہ ، جی ایم انفراسٹرکچر ٹرانس کراچی پیر سجاد سرھندی، پروجیکٹ کنٹریکٹرز اور کنسلٹنس نے شرکت کی ۔