کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آج دنیا جس طرح ترقی کر رہی ہے اس میں تعلیم کا ایک اہم کردار ہے، تعلیم انسان کو صحیح اور غلط میں تفریق کرنا سکھاتی ہے یہی تعلیم اگر دین کی دی جائے تو انسان خدا کے قریب ہو جاتا ہے اس ضمن میں جامعتہ الرشید دینی و عصری تعلیم کے ایک ممتاز ادارہ کی حیثیت سے موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعتہ الرشید کی تعلیمی اسناد اور الغزالی یونیورسٹی کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جامعتہ الرشید کے سرپرست اعلی مفتی عبدالرحیم ،کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی ، این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی سکریٹری ڈیفنس پروڈکشن لیفٹننٹ جنرل (ر)ہمایوں عزیز سمیت دیگر بھی شریک تھے جبکہ وفاقی شریعت کورٹ کے چیف جسٹس سید انور علی،ہائر ایجوکیشن۔کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، الغزالی یورنیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مولانا محمد ذیشان سمیت علماءکرام، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور طلباءاور ان کے والدین شریک تھے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ مفتی عبدالرحیم کی شبانہ روز محنت کے باعث آج ان کے شاگرد دنیا بھر میں موجود ہیں ، جامعتہ الرشید آکر ذہنی و قلبی سکون ملتا ہے اور واپس جانے کو دل نہیں کرتا جو کام ریاست کو کرنا چاہئے تھا، وہ کام جامعتہ الرشید کررہی ہے۔گورنرسندھ نے الغزالی یونیورسٹی کا چارٹر ملنے پرمفتی صاحب اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کا روشن چہرہ جامعتہ الرشید میں دیکھنے کو ملتا ہے۔