لاہور( نمائندہ خصوصی )
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج انتخابات ہونے دیں تو تحریک انصاف کا مقابلہ آزاد امیدواروں سے ہو گا،ان امیدواروں سے جن کو تحریک انصاف کا ٹکٹ نہیں ملا۔ فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں عمران خان کی گرد کے بھی قریب نہیں،سلطانی جمہور کا آتا ہے زمانہ،جو نقش کہیں تم کو نظر آئے مٹا دو۔قبل فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی تقریر پر پابندی کے حکم کو عدالت میں چیلنج کریں گے،حکومت مکمل گھبرا چکی ہے۔ عمران خان کی آواز دبانے کی ایک اور مذموم کوشش میں امپورٹڈ حکومت نے عمران خان کی تقاریر اور بیانات کو ٹی وی پر چلانے پر پابندی عائد کر دی،ہم اس حکم کو عدالت میں چیلنج کریں گے، میڈیا اس حکم کو خود بھی چیلنج کرے۔
عمران خان کی گرفتاری کی کوئی بھی کوشش حالات کو شدید خراب کردے گی۔میں اس نااہل اور پاکستان دشمن حکومت کو خبردار کرنا چاہ رہا ہوں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مزید بحران میں نہ دھکیلیں اور ہوش سے کام لیں۔ خیال رہے کہ پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی عائد کر رکھے ہے، پیمرا نے عمران خان کی تقاریر اور بیانات پرپابندی سے متعلق سیٹلائٹ چینلز کو احکامات جاری کیے، اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عمران خان مسلسل ریاستی اداروں کےخلاف بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، عمران خان کی تقاریر و بیانات پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔پیمرا کا نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ عمران خان کی تقاریر براہ راست یا ریکارڈڈ نہیں چلائی جائیں گی کیوں کہ عمران خان کی گفتگو سے امن وامان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے، عمران خان اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے ریاستی اداروں، افسران کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں، عمران خان کا بیان، گفتگو یا خطاب لائیو یا ریکارڈ ٹی وی چینلز نشر نہیں کر سکتے۔