اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) شوکت خانم سے متعلق الزامات پر سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے وزیردفاع خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب ہرجانے کے کیس میں عدالت نے خواجہ آصف پر جرح کے لیے 18 مارچ کی تاریخ مقرر کردی۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف ہتک عزت کے کیس کی سماعت ہوئی، عمران خان اور خواجہ آصف کے وکلا ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ کی عدالت میں پیش ہوئے۔عمران خان کے وکیل عابد فاروق نے سماعت کے التوا کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں اسد عمر اور دیگر رہنماو¿ں کی رہائی گزشتہ روز ہوئی ہے، اس لیے عمران خان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔جج نے ریمارکس دیے کہ سماعت ملتوی کررہے ہیں لیکن زیادہ تاخیر نہیں ہونی چاہیے، بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 18 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے خواجہ آصف پر جرح کےلئے 18 مارچ کی تاریخ مقرر کردی۔