کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کے عملے نے کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کے علاقے کھارادر میں آغا خان جماعت خانہ کے قریب کارروائی کر کے اسمگل شدہ سامان سے بھری بس پکڑ لی۔اسمگل شدہ سامان بس نمبر بی ایس بی 015 کی باڈی میں خاص طور پر بنائے گئے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپایا گیا تھا۔کسٹمز حکام کے مطابق بس کی تلاشی کے دوران اسمگل شدہ سگریٹ، سوڈیم گلوٹامیٹ اجینو موتو، سپاری، گٹکا اور دیگر قیمتی سامان ضبط لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ضبط شدہ سامان کی مالیت 5 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد ہے۔