چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے دو ماہ میں پاکستان کی سیاست الٹ دی ہے۔ اب عمران خان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ ٹی وی پر روتا ہے کہ میڈیا تنقید کرتا ہے اور پیکا آرڈیننس جاری کرتا ہے مگر عمران خان تم عوام کو چپ نہیں کرا سکتے۔ ملتان میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد تک سفر طویل ہے۔ جب اسلام آباد پہنچیں گے تو آپ کو خوشخبری ملے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا یا تو خود مستعفی ہوجاﺅ یا اسمبلی توڑ کر ہمارا مقابلہ کرو ورنہ پانچ روز میں اسلام آباد پہنچ کر آپ کا بندوبست کریں گے۔ میں چاہتاہوں کہ نوجوان قیادت سامنے آئے اپنے فیصلے خود کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ملتان میں عوام کا سمندر ہے۔ میں عوام کو سلام کرتا ہوں۔ آپ کو دیکھ کر بنی گالہ والے کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27فروری کو مزار قائد سے عوامی مارچ شروع ہوا تھا اور پانچ روز میں ملتان پہنچا ہے۔ ہم نے پہلے دن کہا تھا کہ دھاندلی زدہ حکومت ہے۔ اسے پہلے دن ہی سلیکٹڈ کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے عوام سے ہمارا تین نسلوں کا رشتہ ہے۔ عوام نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو منتخب کروایا تھا، پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا تھا۔ ہمارے خلاف سازشیں ہوئی تھیں۔ وزیراعظم کو خط نہ لکھنے پر گھر بجھوایا گیا تھا مگر عمران خان ہرروز غیرقانونی کام کرتا ہے مگر اسے کوئی نہیں پوچھتا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہر آفت کا مقابلہ کیا، ضیاءمشرف کا مقابلہ کیا اور اب کٹھ پتلی کا سامنا ہے۔ پی پی پی کے جیالے انہیں اقتدار سے باہر نکال پھینکیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جمہوریت، انسانی حقوق، معاشی حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم جمہوریت انسانی حقوق اور عوام کے معاشی حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے لئے حق حاکمیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جمہوریت کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بی بی اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے شہادتیں قبول کی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہمارا دوسرا مطالبہ عوام کے حق ملکیت کے لئے ہے یہ سرزمین آپ کی ہے، وسائل آپ کے ہیں تو اپنا صوبہ بھی ملے۔ آپ کی اپنی اسمبلی ہو، سینیٹر ہوں، این ایف سی ایوارڈ ملے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم حق روزگار کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں حکومت میں آکر روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی نے ایک کروڑ نوکریوں کی بجائے عوام سے روزگار چھین لیا۔ اسٹیل ملز کے 10ہزار ملازمین کو بیروزگار۔ ہم نے 16ہزار خاندانوں کو ان کے رزگار دلوایا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاسپورٹ دے کر پاکستانیوں کے لئے بیرون ملک روزگار کا بندوبست کیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت سے پہلے پاسپورٹ صرف امیروں کو ملتا تھا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عام آدمی کو بھی پاسپورٹ بنوانے کا حق دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام امید کرتے تھے کہ بینظیر آئے روزگار لائے گی، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم برابری کے حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں۔ منتخب نمائندے آپ کے مسائل حل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلیکٹڈ ہے ہم ان کو بھگائیں گے۔ ہم نے کہا کہ عمران کے لئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم نے ضمنی انتخابات کو شکست دی ہم نے گیلانی صاحب کو سینیٹر بنایا اور ثابت کیا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مارچ کی کامیابیاں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ جو عدم اعتماد کے حق میں نہیں تھے وہ بھی آج ہمارے صفحے پر آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بعد وفاق تمام صوبوں میں طلباءیونینز بحال کرائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مزدوروں، کسانوں، طلباءاور غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اس جنگ میں فتح عوام کی ہوگی، جیت عوام کی ہوگی۔ اس سے پہلے چیئرمین پیپلزپارٹی جب ملتان میں داخل ہوئے تو عوام نے ان کا تاریخی اور شاندار استقبال کیا۔ جیالے اور شہری صبح سے ہی جلسہ گاہ میں جمع ہو رہے تھے اور ملتان میں آج عید جیسا سماں تھا۔